گدھوں کا گوشت اور کھالیں چین برآمد کرنے کا فیصلہ

114

گوادر: پاکستانی حکومت نے گدھوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے چین سے معاہد کرلیا، گوادر نارتھ فری زون میں گدھوں کے مذبحہ کی تعمیر شروع کردی گئی، پاکستان سالانہ 2 لاکھ 16 ہزار گدھوں کی کھالیں اور گوشت چین کو برآمد کرے گا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان نے چین سے معاہد کرنے کے بعد گوادر نارتھ فری زون میں 5 کروڑ ڈالر کی لاگت  سے مذبحہ کی تعمیر شروع کردی ہے، اس حوالے سے باقاعدہ وزیر اعظم شہبازشریف نے منظوری دی ہے۔

خیال رہے کہ جولائی میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے تجارت کے اجلاس میں سیکریٹری تجارت نے باقاعدہ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گدھوں کی برآمد پر کوئی پابندی نہیں ہے اور پاکستان پہلے ہی گدھوں کی فارمنگ شروع کر چکا ہے، جس کے بعد بہت جلد چین کو گدھے کی کھالین اور گوشت فراہم کیا جائےگا۔

وزارت میری ٹائم افیئرز کے عہدیدار کاکہنا تھاکہ نارتھ فری زون کے مذبحہ کی تعمیر کے بعد پنجاب کے کئی شہروں میں گدھوں کی فارمنگ کے حوالے سے کام شروع کردیاہے، معاہد پر عمل درآمد کرنے کے لیے بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے مزیدگدھوں کی افزائش کے لیے کام کررہےہیں۔

واضح رہے کہ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں گدھوں کی تعداد بڑھ کر 59 لاکھ ہو گئی ہے،  پاکستان میں گدھوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے جبکہ گھوڑے اور خچر کی تعداد میں کوئی اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا ہے لیکن اس کے برعکس گدھوں کی تعداد میں سالانہ بنیادوں پر ہر بار اضافہ دیکھنے کو آیا ہے۔