چیف جسٹس کی صدارت میں فل کورٹ اجلاس:جسٹس یحییٰ آفریدی زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کیلیے پُرعزم

144
Justice of Pakistan Yahya Afridi

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان کی صدارت میں سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس ہوا، جس میں مقدمات کے حوالے سے سپریم کورٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطاق اجلاس میں زیر التوا مقدمات میں خاطر خواہ کمی لانے کے لیے جسٹس منصور علی شاہ کی جانب سے 6 ماہ پر مشتمل منصوبہ دینے کی تجویز دی گئی جب کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بھی زیر التوا مقدمات میں کمی لانے کے لیے عزم کا اظہار کیا۔

نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی صدارت میں ہونے والے پہلے فل کورٹ اجلاس میں مقدمات کے اندراج، مقدمات نمٹانے اور زیر التوا کیسز کے حوالے سے عدالت عظمیٰ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ فل کورٹ اجلاس میں سپریم کورٹ کے تمام مستقل ججز شریک تھے جب کہ جسٹس منصور علی شاہ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران رجسٹرار سپریم کورٹ جزیلہ اسلم کی جانب سے زیر التوا مقدمات کی جائزہ رپورٹ پیش کی گئی، جس کے مطابق ایسے مقدمات جو التوا کا شکار ہیں کی تعداد 59191 ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس کے دوران کیس مینجمنٹ سسٹم کے حوالے سے ایک ماہ پر مشتمل منصوبہ پیش کیا۔

دوران اجلاس مقدمات سے متعلق بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ فوجداری اور سول مقدمات 2 اور 3 رکنی بینچز  میں مقرر کیے گئے جس کا مقصد جلد فیصلے کرنا تھا۔  اجلاس میں شریک تمام ججز نے زیر التوا مقدمات کو جلدی نمٹانے کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔