اہلِ غزہ و لبنان کی امداد:الخدمت کی جانب سے مزید 17 ٹن سامان بیروت پہنچ گیا

120

راولپنڈی:الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کی جانب سے بھیجے گئے امدادی سامان کا دوسرا جہاز17ٹن امدادی سامان لے کربیروت پہنچ گیا۔پاکستانی سفیرسلمان اطہرنے دیگرحکا م اور الخدمت کے نمائندو ں کے ہمراہ سامان وصول کیا۔

قبل ازیں مرکزی صدرڈاکٹرحفیظ الرحمن،نائب صدراعجازاللہ خان نے دیگرذمے داران اورسرکاری حکام کے ہمراہ کراچی ائرپورٹ سے امدادی سامان روانہ کیا۔

اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی جانب سے مسلط کی گئی جنگ کے نتیجے میں لاکھوں خاندان متاثرہوئے ہیں الخدمت فاؤنڈیشن ان متاثرین کے لیے مسلسل ریلیف آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

خصوصی طیارے کے ذریعے100ٹن امدادی سامان لے کر گزشتہ دنوں نائب صدرائیرمارشل(ر)ارشدملک کے ہمرا ہ بیروت کا دورہ کیا،  جنگ سے متاثرہ خاندان مختلف اسکولزمیں پناہ لیے ہوئے ہیں، بے شمارخاندان شدید موسمی اثرات کے باوجود کھلے آسمان کے نیچے بھی موجود ہیں، ہم نے متاثرین کی ضروریات کاجائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ صورت حال کو مدنظررکھتے ہوئے پاکستانی عوام کے تعاون سے امدادی سامان بھجوایاجارہا ہے۔ بیروت پہنچے والے دوسرے جہاز میں سلیپنگ بیگز،خیمے، کمبل،تیارخوراک، ہائی جین کٹس، ادویات، لباس، چاول،کوکنگ آئل سمیت 17ٹن امدادی سامان شامل ہے۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے لبنان میں فضائی حملے کے نتیجے میں متاثرہونے والے ہزاروں خاندانوں تک ان کی ضروریات کے مطابق امدادی سامان بھجوانے کاسلسلہ مسلسل جاری رکھیں گے۔