اسرائیل کو جواب دینے کے لیے تمام وسائل استعمال کرینگے ، ایران کا اعلان

135

تہران: ایران نے حالیہ حملے کا جواب دینے کے لیے اسرائیل کے خلاف تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق، ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ “صیہونی حکومت کو یقینی اور مؤثر جواب دینے کے لیے ہم تمام ممکنہ ذرائع استعمال کریں گے”۔  ہمارا ردعمل اسرائیلی حملے کی نوعیت کے مطابق ہوگا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اسرائیل نے ایرانی فوجی مقامات پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں 4 ایرانی فوجی شہید ہوئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے جوابی فضائی حملوں میں ایران کی میزائل سازی کی تنصیبات، میزائل تنصیبات اور مختلف علاقوں میں دیگر سسٹمز کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی فضائی دفاعی فورس نے اسرائیلی حملے میں متعدد فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے اور دو فوجیوں کی شہادت کی تصدیق کی ۔

ایک بیان میں ایرانی دفاعی فورس نے کہا کہ ’اسرائیل نے تہران، خوزستان اور الام کے صوبوں میں متعدد فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، تاہم محدود پیمانے پر نقصان پہنچانے والے حملے کو ناکام بنایا گیا ہے۔

گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل ہماری طاقت کا غلط اندازہ لگارہا ہے، انہوں نے ہدایت دی کہ ایرانی حکام کو اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ اسرائیل کے سامنے ایران کی طاقت کا مظاہرہ کس طرح کیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسریلی حملے کو ’نہ تو کم اہمیت دی جانی چاہئے اور نہ ہی بڑھا چڑھا کر بیان کرنا چاہیے‘۔