مقتدرہ دبائوکا شکارہیں ‘عمران مزید ڈیڑھ مہینہ قید رہ سکتے ہیں‘ جاوید ہاشمی

128

اسلام آباد (صباح نیوز) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ بحران کو ختم کرنے کے لیے عام انتخابات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے، موجودہ حکومتیں ڈیڑھ سے 2 ماہ کے لیے ہیں، ہو سکتا کہ شہبازشریف بھی وزیراعظم نہ رہیں، مقتدرہ کے اوپر بہت زیادہ دبائو ہے، عمران خان مزید ڈیڑھ مہینہ جیل میں رہ سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 26 ویں آئینی ترمیم نے پاکستان یا عدلیہ کے نظام کو کچھ نہیں دیا، بلکہ بہت کچھ چھین لیا ہے، اس ترمیم کے بعدعدالت عظمیٰ سے توقعات کرنا کہ وہ قوم کے مسائل کو حل کرلیں گے اور لوگوں کو انصاف د ے سکیں گے تو یہ خلاف توقع بات ہوگی۔انہوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ2 حصوں میں تقسیم ہے، ایک آئینی عدالت ہے اور ایک غیرآئینی عدالت جبکہ عدالت عظمیٰ کہیں نہیں ہے۔ یہ کہنا کہ پارلیمنٹ کو طاقت ملی ہے، یہ طاقت پہلے بھی ملتی تھی، ایک13 ویں ترمیم بھی تھی، جو پڑی ہوئی ہے، میاں نواز شریف چاہتے تھے کہ سارے اختیارات وزیر اعظم کے پاس آجائیں۔