ّ27 ویں ترمیم جلد لائی جائے گی،وزیراعظم اور بلاول میں اتفاق

121
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری ملاقات کررہے ہیں
لاہور: وزیراعظم شہبازشریف سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری ملاقات کررہے ہیں

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /صباح نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف سے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو تاریخی قرار دیتے ہوئے27 ویں آئینی ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا‘ملاقات میں جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اتوار کو پی پی پی چیئرمین نے لاہور میں وزیراعظم سے ملاقات کی‘ ان کے ہمراہ سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف اور گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر بھی تھے جبکہ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی ماڈل ٹاؤن میں موجود تھے۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ26 ویں ترمیم کی منظوری کا کریڈٹ تمام اتحادی جماعتوں کو جاتا ہے‘ پہلے بھی عوامی خدمت سے پیچھے نہیں ہٹے اور نہ ہی اب پیچھے ہٹیں گے، ملکی معاشی اعشاریہ مثبت ہونے سے مہنگائی میں واضح کمی ہوتی نظر آ رہی ہے۔بلاول نے کہا کہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے مل کر چلیں گے، غیر جمہوری طاقتوں کا راستہ روکنے کے لیے 26 ویں آئینی ترمیم کارگر ثابت ہوگی‘26 ویں آئینی ترمیم کے بعد وزیراعظموں کو گھر بھیجنے کا راستہ رک جائے گا۔