اسرائیلی دارالحکومت میں موساد کے ہیڈکوارٹر کے نزدیک ٹرک حملہ،شمالی غزہ میں مزید 53 فلسطینی شہید

108

غزہ /تل ابیب /بیروت /تہران /نیویارک /اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن /صباح نیوز)غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے، شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں3 صحافیوں سمیت 53 فلسطینی شہید ہوگئے۔قابض اسرائیلی فوج شمالی غزہ کے کمال عدوان اسپتال کو کھنڈر میں بدلنے کے بعد چلی گئی ۔قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ کے مطابق شمالی غزہ کے محصور علاقے بیت لاہیہ میں رہائشی عمارتوں پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں کم ازکم 45 فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے علاقے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا اور فلسطینیوں کی بڑی تعداد کو گرفتار کرلیا۔ ادھر شمالی غزہ میں ہی شاتی مہاجر کیمپ میں اسکول کی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 3 صحافیوں سمیت 8 فلسطینی شہید ہوگئے۔ دریں اثنا اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوٹیرس کا کہنا ہے کہ وہ شمالی غزہ میں ’موت، زخموں اور تباہی کی خوفناک سطح سے حیران ہیں‘ حماس کو دوبارہ منظم ہونے سے روکنا ہے۔جنوبی لبنان میں اسرائیل کے مزید 4 فوجی ہلاک ہوگئے، زمینی کارروائی کے آغاز کے بعد مجموعی تعداد 36 ہوگئی۔غیر ملکی خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں 4 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 30 ستمبر کو زمینی کارروائیوں کے آغاز کے بعد سے ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی مجموعی تعداد 36 ہو گئی ہے۔ لبنان میں ایک روز کے دوران مزید 22 افراد شہید جبکہ 112 زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے لبنان کے علاقے بعلبیک کے گاؤں میں ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا جبکہ حزب اللہ کی جانب سے بھی جوابی کارروائی میں شمالی اسرائیل پر راکٹ داغنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں موساد کے ہیڈ کوارٹر کے قریب گاڑی کی ٹکر سے 5 فوجی ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق تل ابیب کے شمال میں موساد کے ہیڈکوارٹر کے قریب ایک ٹرک نے بس اسٹیشن پر موجود لوگوں کو کچل دیا جس کے نتیجے میں 5 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ 20 فوجیوں سمیت 50 افراد زخمی ہو گئے۔اسرائیلی پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کرہلاک کردیا ۔ اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے کہا ہے کہ نہتے فلسطینیوں کے قتل عام اور نسل کشی کے جرم میں صیہونی ریاست کے ساتھ امریکا اور کئی ممالک بھی ملوث ہیں۔ اتوار کو بیان میں حماس نے عرب ، مسلم ممالک کے عوام اور دنیا بھر کے آزاد لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہمارے ثابت قدم فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے سڑکوں پر نکلیں۔ پاکستان نے جنگ سے متاثرہ غزہ اور لبنان کے افراد کے لیے انسانی امداد کی ایک اور کھیپ بھیجی جس میں موسم سرما کے لیے 10 ٹن خیمے اور کمبل بھی شامل ہیں۔ امدادی کھیپ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر روانہ کی۔ اسرائیل کی بمباری سے متاثرہ افراد کے لیے اسلام آباد سے عمان (اردن) بھیجی جانے والی یہ 13ویں کھیپ ہے اور اب تک پاکستان مجموعی طور پر 1ہزار 381 ٹن امدادی سامان غزہ اور لبنان کے متاثرہ لوگوں کے لیے بھیج چکا ہے۔