نان فائلر گاڑیاں اور جائیدادیں نہیں خردید سکے گا،وزیرخزانہ

92

واشنگٹن (آن لائن) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نان فائلر گاڑیاں اور جائدادیں نہیں خرید سکے گا، معیشت کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنا ہوں گے۔ واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نان فائلر سے متعلق قانونی کور کی ضرورت ہے اور ہم نان فائلر کی اصطلاح ہی ختم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 6 ماہ سے معاشی بہتری کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں جس کے سبب پاکستان میں مہنگائی کی شرح اور پالیسی ریٹ میں کمی آئی ہے، ہم ٹیکس ٹو جی ڈی پی کو 9 فیصد سے 13 فیصد تک لائیں گے۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہمارے اقدامات کی وجہ سے ملک میکرو اکنامک استحکام کی جانب گامزن ہے اور تمام ریٹنگ ایجنسیاں کہہ رہی ہیں پاکستان درست معاشی سمت پر گامزن ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تعمیری بات چیت ہوئی ہے اور کوشش ہوگی آئی ایم ایف کا پروگرام آخری پروگرام ہو، ورلڈ بینک پاکستان کو قرض نہیں بلکہ گرانٹ دے گا۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ امریکا میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کیں جبکہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے وزرائے خزانہ سے بھی ملاقاتیں کیں، امریکا میں بزنس کمیونٹی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہے۔ادھروزیر خزانہ نے واشنگٹن میں اعلیٰ پیشہ ورانہ فنون و مہارتوں کے حامل پاکستان نژاد امریکی ماہرین سے تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے اپنی گفتگو میں آئی ٹی کو پاکستانی معیشت کے بڑھتے ہوئے شعبوں میں سے ایک کے طور پر شناخت کیا۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ پاکستان فری لانسنگ کے لحاظ سے دنیا کے 5 بڑے ممالک میں شامل ہے۔ وزیر خزانہ نے ملک کی بڑھتی ہوئی برآمدات میں آئی ٹی سیکٹر کے کردار کو اجاگر کیا۔انہوں نے شرکا کو ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کو موثر و فعال بنانے کے لیے قانون سازی، پالیسی سازی، ریگولیٹری اور آپریشنل اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس 2024 کے موقع پر مختلف اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اپنی جامع نشستوں اور باہمی تبادلہ خیالات کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا۔ سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ تقریب کا اختتام ہوا۔