یونینز ملازمین کی بہتری کے لیے اتحاد کریں‘ وحید حیدر شاہPTCLـ

173

پی ٹی سی ایل میں موجود تمام یونینز اور گروپ ملازمین کی بہتری کے لیے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن پاکستان CBA کے مرکزی سینئر نائب صدر و مرکزی ایسوسی ایٹ سیکرٹری جنرل نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان وحید حیدرشاہ نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اعزاز نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کو ہی حاصل ہے کہ 2019 میں اپنے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں چار بڑی یونینز کو متحد کرکے پی ٹی سی ایل ورکرز اتحاد فیڈریشن پاکستان کی بنیاد رکھی اور ورکرز نے دو دفعہ لگاتار بے شمار ووٹ دے کر فیڈریشن کو CBA کا درجہ دلوایا۔ مگر چند نادان دوست اس کے قیام سے ہی اس کے خلاف سازشوں میں مصروف ہوگئے اور ورکرزکو تقسیم کرنے میں لگ گئے۔ فیڈریشن میں موجود مخلص لیڈر شپ نے اس اتحاد کو قائم رکھنے کی کوشش کی ،جس میں وہ کسی حد تک کامیاب بھی رہے۔ مگر اب بھی کچھ یونینز اور دھڑے ایک دوسرے کے ساتھ دست گریباں ہے۔ جس سے ورکرز کے مفادات کو زد پہنچ رہی ہے۔ ہم ’’ورکرز پاک‘‘ یونین الحاق شدہ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان، تمام یونینز اور دھڑوں سے یہ استدعا کرتی ہے کہ اس نازک موڑ پر اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کریں تاکہ مسائل میں گھرے ہوئے ملازمین کے مسائل حل ہوسکیں۔ ہم تمام متحارب یونینز اور دھڑوں کو یہ پیش کش کرتے ہیں کہ ہم جرگہ کرانے کے لیے تیار ہیں تاکہ ورکرز کے وسیع تر مفاد میں یونینز متحد ہو سکیں۔