چھاتی کے سرطان سے متعلق ولیکا اسپتال میں آگاہی پروگرام

162

سوشل سیکورٹی ولیکا اسپتال میں کینسر کے علاج کو وسعت دینے کے لیے میموگرافی مشین کی فراہمی جلد از جلد کی جائیگی۔ یہ بات صوبائی وزیرمحنت و انسانی وسائل /چیئرمین گورننگ باڈی سیسی شاہد عبدالسلام تھیم نے سوشل سیکورٹی کلثوم بائی ولیکا اسپتال میں چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم کا افتتاح کے موقع پر کہی۔ وزیر محنت نے کمشنر سندھ سوشل سیکورٹی میانداد راہوجو کے ہمراہ ریلی کی قیادت بھی کی۔ اس موقع پر وائس کمشنر سیسی سکندر بلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹر کامران اعوان، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ولیکا ڈاکٹر غلام مصطفی ابڑو، ڈائریکٹرمیڈیکل ایڈمن ڈاکٹرممتاز شیخ، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نادرحسین کناسرو،سی ایم اوسٹی سرکل ڈاکٹراعظم سلہری، ڈائریکٹرپبلک ریلیشنز فرقان اطیب، ڈائریکٹرایجوکیشن سیس سیف اللہ خان، ڈائریکٹرسائٹ ایسٹ ڈائریکٹوریٹ زاہد بٹ، ڈی ایم ایس ڈاکٹرعاصم رضا اور دیگر بھی موجود تھے۔ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے آگاہی سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت و افرادی قوت شاہد عبدالسلام تھیم نے کہا کہ سیسی میں تحفظ یافتہ محنت کشوں کو کینسر جیسے موذی مرض کے مہنگے علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ محنت کشوں کی رجسٹریشن کو بڑھانے کے لیے سندھ بھر میں آگاہی مہم شروع کر دی گئی ہے جس کے تحت پورے صوبہ میں کیمپس لگائے جارہے ہیں جس پر آجران اور محنت کشوں کو سوشل اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے آگاہی فراہم کی جارہی ہے اور انہیں رجسٹر کیا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ سوشل سیکورٹی کے میڈیکل ونگ کو جدید بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ سندھ کے تحفظ یافتہ محنت کشوں کو مفت علاج و معالجہ کی سہولت مل سکے۔ اس موقع پر کمشنر سیسی میانداد راہوجو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سوشل سیکورٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں تاکہ تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو طبی اور مالی فوائد کے حصول کے لیے کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر اور نوری آباد میں مزید دو بڑے اسپتال کھولنے کا عمل جاری ہے۔ تقریب سے وائس کمشنر سیسی سکندربلوچ، ایم ولیکا ڈاکٹرغلام مصطفی ابڑو نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں کینسر کی مریضہ تحفظ یافتہ محنت کش خاتون نے کیک کاٹا اور سیسی کی جانب سے علاج کی سہولت فراہم کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ وزیر محنت نے شرکاء میں سیسی کی یادگاری شیلڈ اورپھولوں کے تحائف بھی تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں ولیکا اسپتال میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جس میں وزیرمحنت و انسانی وسائل شاہد عبدالسلام تھیم، کمشنر سیسی، وائس کمشنر، ڈاکٹرز اور ڈائریکٹرزاور پیرا میڈیکل اسٹاف نے شرکت کی۔