پاکستان مظلوم کشمیریوں کیساتھ کھڑا تھا، ہے اور رہے گا: مریم نواز

139

لاہور: وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے۔

بھارت کے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کیخلاف 77 ویں یومِ سیاہ پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ کشمیر ہر پاکستانی کی طرح میرے دل کے بھی بے حد قریب ہے، کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیری بہن بھائیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بہادر کشمیری جبر، ظلم اور ناانصافی کا سامنا کرتے ہوئے حقِ خود ارادیت کے لئے کوشاں ہیں، خطے میں پائیدار امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے، پاکستان کے عوام ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور رہیں گے، پاکستان کا ہر شہری مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کے لئے دعا گو ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ عالمی سطح پر کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچائیں گے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے، عالمی برادری سے اپیل ہے کشمیریوں کے حقوق کیلئیاپنا کردار ادا کرے ، کشمیر کا مستقبل روشن ہے، یقین ہے کشمیریوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔

سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے یوم سیاہ کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام پچھلے 77 سال سے جاری ظلم و ستم کی انتہا پر ہیں، اقوام متحدہ کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں اب تک 5 قراردادیں منظور کی جا چکی ہیں مگر ایک پر بھی عملدرآمد نہیں ہو سکا۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی کی گھنائونی مہم جاری ہے، بھارت کے لیے نوشتہ دیوار ہے کہ وہ اپنی دس لاکھ فوج کو کشمیر سے نکال کر کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دے، پاکستانی عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ناقابل تسخیر جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔