تہران: ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ اسرائیل کو حملے کا جواب مناسب وقت اور حالات میں دیا جائے گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف کی تہران میں فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس اور لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کے نمائندوں سے ملاقاتیں ہوئیں۔
ایران کے نائب صدر محمد رضا عارف نے کہا کہ اسرائیل جارح ردعمل کا منتظر رہے، اسرائیل کو جواب مناسب وقت اور حالات میں دیا جائے گا۔
اس موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں، صیہونی حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف دفاع کے حقدار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران پرحملے غزہ اور لبنان میں اسرائیل کی نسل کشی سے الگ نہیں کیے جاسکتے، دنیا کو عالمی امن اور سلامتی کے لیے مشترکا دشمن کیخلاف متحد ہونا چاہیے۔