راولپنڈی/ کراچی (سید وزیر علی قادری ) پاکستان کی تاریخی کامیابی‘ راولپنڈی میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر3میچوں کی ٹیسٹ سیریز2-1سے اپنے نام کرلی‘سعود شکیل مین آف دی میچ اور ساجد خان مین آف دی سیریز قرار‘انگلش بیٹرز پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظرآئے، محض تین دنوں میں میچ کا فیصلہ ہوگیا‘صدر آصف علی زرداری‘ وزیراعظم شہبازشریف‘ چاروں وزرائے اعلیٰ اور محسن نقوی کی ٹیم اور قوم کو مبارکباد ‘ ٹیم کی جانب سے کامیابی کا سفر جاری رکھنے کی امید کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی میں انگلینڈ کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ کے خلاف یہ جیت نو سال بعد حاصل ہوئی جبکہ پاکستان نے چار سال کے بعد کسی ہوم سیریز میں کامیابی کا جشن منایا۔ سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں پاکستانی اسپنرز نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلش ٹیم محض 35 رنز کی برتری حاصل کر سکی۔دوسری اننگز میں پاکستان کے اوپنرز نے مختصر ہدف کے تعاقب میں بہترین آغاز کیا، جہاں شان مسعود نے جارحانہ 23 رنز بنائے۔ سعود شکیل کی شاندار بیٹنگ نے انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دلایا، جبکہ ساجد خان کو بہترین باؤلنگ پر مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔پہلی اننگز میں انگلینڈ کے 267 رنزتھے انگلش اوپنرز نے اچھی شروعات دی، مگر مڈل آرڈر پاکستانی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹک سکا۔جس کے جواب میںپاکستان کے نعمان علی اور سعود شکیل کے درمیان 88 رنز کی پارٹنر شپ نے پاکستان کی برتری کو مستحکم کیا۔پاکستانے پہلی اننگز میں 344رنز بنا کر انگلینڈ پر77رنز کی برتری حاصل کی۔ دوسری اننگز میں انگلش بیٹرز کو ناکامی کا سامنا پڑا‘ پاکستانی اسپنرز کے سامنے انگلینڈ کی دوسری اننگز محض 112 رنز پر سمٹ گئی، نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان شان مسعود نے دوسری اننگز میں جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 36رنز کا ہدف کھیل کے پہلے سیشن ہی میں حاصل کرلیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری‘وزیراعظم محمد شہباز شریف ‘چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی‘اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق‘گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری‘وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ‘ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز‘وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پوراوروزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ٹیسٹ کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان رہنماؤں نے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتی رہے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے جذبے اور ٹیم ورک نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے،پوری قوم کرکٹ ٹیم کی اس کامیابی پر خوش ہے۔