جسٹس یحییٰ آفریدی نے چیف جسٹس پاکستان کے منصب کا حلف اٹھالیا،فائز عیسیٰ بیرون ملک روانہ

191
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لے رہے ہیں
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری جسٹس یحییٰ آفریدی سے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف لے رہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) جسٹس یحییٰ آفریدی ملک کے 30 ویں چیف جسٹس آف پاکستان بن گئے۔ ایوان صدر میں حلف برداری کی منعقدہ تقریب کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیراعظم شہباز شریف، وزرائے اعلیٰ، گورنرز، چیئرمین سینیٹ، وفاقی وزرا، ججز سروسزچیفس اور ارکان پارلیمنٹ بھی شریک ہوئے۔تقریب حلف برداری کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ عمرہ ادائیگی کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔ اس موقع پر عسکری قیادت نے بھی منصب سنبھالنے پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جس پر چیف جسٹس نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ نئے چیف جسٹس کے حلف اٹھانے کے بعد عدالت عظمیٰ کی ویب سائٹ اپڈیٹ کر دی گئی‘ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جگہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا نام لکھ دیا گیا‘ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کے بعد سینئر موسٹ جج جسٹس منصور علی شاہ کا نام بھی درج کیا گیا ہے۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی حلف برداری کی تقریب عدالت عظمیٰ سے اظہار یکجہتی کی تقریب میں تبدیل ہوگئی ، جسٹس منصور علی شاہ عمرہ کی ادائیگی کے باعث تقریب میں موجود نہیں تھے، جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ، جسٹس عائشہ ملک سمیت مخالف سمجھے جانے والے تمام ججز حضرات تقریب میں شریک ہوئے‘ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری، عبد الحمید ڈوگر، جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس خلیل الرحمٰن رمدے بھی تقریب میں موجود تھے۔چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری کے بعد صدر آصف زرداری سے ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور عدلیہ، حکومت تعلقات اور آئندہ ہونے والی مجوزہ قانون سازی سمیت اہم امور پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری کے بعد صدر نے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی خاطر تواضع بھی کی، وزیر اعظم شہباز شریف، اسپیکر ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کے نئے چیف جسٹس کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جسٹس یحییٰ آفریدی کا تجربہ، علم اور فہم قانون پر عملدرآمد کو مضبوط کرنے میں عدلیہ کی مدد کرے گا۔ ایک بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کا حلف اٹھانے پر جسٹس یحییٰ آفریدی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی تقریب حلف برداری کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی والدہ کو ان کی نشست پر جا کر مبارکباد دی۔ آرمی چیف نے کہا کہ آنٹی آپ کو بیٹے کے چیف جسٹس آف پاکستان بننے پر بہت بہت مبارک ہو، اس پر ان کی والدہ نے جواب دیا کہ آپ کو بھی بہت بہت مبارک، ہم سب کی دعاؤں سے میرا بیٹا چیف جسٹس کے عہدہ پر فائز ہوا، یہ ہم لوگوں کے لیے فخر کا لمحہ ہے ۔ آرمی چیف نے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے بھی جسٹس یحییٰ آفریدی کا چیف جسٹس بننا فخر کی بات ہے، پاک فوج کے ایک شاندار اور اعزازی شمشیر لینے والے افسر کا بیٹا آج چیف جسٹس پاکستان بنا ہے۔ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس (ر) قاضی فائز عیسیٰ بیرون ملک روانہ ہوگئے۔ سابق چیف جسٹس اپنی اہلیہ کے ہمراہ نیو اسلام آباد ائر پورٹ سے بیرون ملک روانہ ہوئے ہیں۔ قاضی فائز عیسیٰ اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر گزشتہ روز اپنے منصب سے سبکدوش ہوگئے تھے‘ قاضی فائز عیسیٰ ترکش ائرلائن کی پرواز نمبر ٹی کے 711 پر استنبول روانہ ہوئے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ معمول کا پروٹوکول اسٹاف تھا اور وہ نارمل انٹرنیشنل لاؤنج کے ذریعے طیارے میں سوار ہوئے۔