بھارت: لارنس بشنوئی کا جیل میں انٹرویو ‘7 پولیس اہلکار معطل

69

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت کے بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا جیل کے اندر انٹرویو کا معاملہ پولیس اہلکاروں کے گلے پڑگیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق اس معاملے کا پنجاب حکومت نے سخت نوٹس لیتے ہوئے قصوروار پائے گئے افسران اور ملازمین کے خلاف بڑی کارروائی کی ہے۔ پنجاب حکومت نے بے پروائی برتنے پر 7پولیس اہلکاروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔جن افسران اور ملازمین کو معطل کیا گیا ہے ان میں ڈی ایس پی سے لے کر ہیڈ کانسٹیبل تک کے افسران شامل ہیں۔ بدنام زمانہ گینگسٹر لارنس بشنوئی کا انٹرویو اس وقت لیا گیا تھا جب وہ جے پور سنٹرل جیل میں قید کی سزا بھگت رہا تھا، اس کے بعد جے پور میں مقدمہ درج کیا گیا۔ جے پور میں تحقیقات کے بعد پتا چلا کہ لارنس بشنوئی کا انٹرویو اس وقت ہوا تھا جب وہ پنجاب کی جیل میں بند تھا۔ اسی بنیاد پر اب پنجاب حکومت نے کارروائی کا فیصلہ کیاہے۔ اس سے قبل بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کو انتہائی مطلوب دہشتگرد کی فہرست میں شامل کر لیاتھا۔ این آئی اے نے 2022 ء میں بشنوئی برادران سمیت 9ملزمان کے خلاف فنڈ اکٹھا کرنے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کیلیے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کا مقدمہ درج کیا تھا۔