انڈونیشیا نے برکس میں شمولیت کی خواہش ظاہر کردی

58

جکارتا (انٹرنیشنل ڈیسک) انڈونیشیا کا کہنا ہے کہ وہ برکس میں شامل ہونے اور بلاک میں دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کے ساتھ مل کر ان کے مفادات کی حمایت کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ انڈونیشیا کے وزیر خارجہ سوگیونو نے برکس پلس سربراہ اجلاس میں یہ اعلان کیا۔ سوگیونو نے ایک بیان میں کہا کہ ان کا خیال ہے کہ یہ بلاک گلوبل ساؤتھ کے ترقی پزیر ممالک کے مفادات کو فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے صدر پرابوو سوبیانتو کی پالیسیوں کو پورا کرنے میں مدد مل سکتی ہے، جنہوں نے اتوار کے روز عہدہ سنبھالا تھا۔ نئی انتظامیہ نے خوراک اور توانائی کو محفوظ بنانے پر زور دیا ہے۔سوگیونو نے کہا کہ اس اقدام کا مطلب یہ نہیں ہے کہ انڈونیشیا کسی خاص بلاک میں شامل ہو رہا ہے، بلکہ تمام فورمز میں فعال طور پر حصہ لے رہا ہے۔ واضح رہے کہ برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا برکس کے رکن ہیں۔ اس نے حال ہی میں ایران، مصر، ایتھوپیا، اور متحدہ عرب امارات کو شامل کرنے کے لیے توسیع کی ہے۔برکس کے اجلاس سے قبل روسی پیوٹن نے یورپی ممالک کے تجارتی اثر رسوخ کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔