کراچی پریس کلب مظلوم طبقات کی دادرسی کا مرکز ہے، شاہینہ شیر علی

86
کراچی پریس کلب کی خواتین ممبران صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کو اجرک پہناتے ہوئے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محکمہ ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ خواتین صحافیوں اور کراچی پریس کلب کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، کراچی پریس کلب خواتین صحافیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔یہ ملک کا واحد پریس کلب ہے جس میں خواتین صحافیوں کو نہ صرف بڑی تعداد میں ممبر شپ دی گئی ہے بلکہ ان کے لیے ایک خصوصی وومن کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا ہے جس سے خواتین کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے،کراچی پریس کلب آزادی اظہار رائے، جمہوریت کے تحفظ اور مظلوم طبقات کی داد رسی کا مرکز ہے،جب ظلم ، جبر اور نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے اور احتجاج کرنے پر پابندی لگائی جاتی ہے تو کراچی پریس کلب وہ واحد ادارہ ہے جو مظلوموں کی ترجمانی کرتا ہے اور ان کی آواز بنتا ہے، جمہوریت کی بقا اور جمہوری عمل کے تحفظ کے لئے اٹھنے والی تمام تحریکوں کا مرکز کراچی پریس رہا ہے، ہم کراچی پریس کلب کے شاندار ماضی اور قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب کی مجلس عاملہ کی ارکان خواتین کی خصوصی دعوت پر کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر کیا۔کراچی پریس کلب آمد پر شاہینہ شیر علی کا استقبال کلب کے صدر سعید سربازی،سیکریٹری شعیب احمد،مجلس عاملہ کی رکن شازیہ حسن ، مونا صدیقی ،بلقیس جہاں ،معراج فاطمہ ،شہر بانو ، رباب ابراہیم ،فہمیدہ یوسفی ،سمعیہ خورشید ،گورننگ باڈی کے ممبر نواب قریشی ،جاوید رانا ،شعیب احمد ،کے یو جے دستور کے صدر حامد الرحمن اور دیگر اراکین نے کیا۔شاہینہ شیر علی کی بحیثیت صوبائی وزیر کے پریس کلب کا پہلا دورہ کرنے پر مونا صدیقی نے افتتاحی کلمات کیساتھ خوش آمدید کیا۔ صدر پریس کلب سعید سربازی نے صوبائی وزیر کے آمد کر سراہتے ہوئے تاریخی پریس کلب کی متعلق بریفنگ دی۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب نے ہمیشہ حق و انصاف کی سربلندی، جمہوری اقدار کے فروغ اور مثبت و تعمیری صحافت کے فروغ میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی پریس کلب نے صحافت اور اخبار نویسوں کے مسائل کو حل کرانے کے لئے بہت منظم اور مربوط انداز میں کام کیا۔ ملک میں آزادی صحافت کی تمام بڑی اور اہم جدوجہد کیلئے کلیدی نوعیت کا کارکردگی کا مظاہرہ بھی کیاہے۔سیکرٹری کراچی پریس کلب شعیب احمد نے کہا کہ کراچی پریس کلب ملک کا واحد کلب ہے جہاں خواتین کو سب سے زیادہ ممبر شپ دی گئی ہے اور رواں سال کراچی یونین آف جرنلسٹس دستور کی تاریخ میں پہلی بار چھ خواتین کو گورننگ باڈی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کلب نے ہمیشہ خواتین کو ترجیح دی اور وومن کمپلیکس تعمیر کیا گیا۔صحافی خواتین کے مسائل اور ان کے حل کے لئے صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی خصوصی طور پر اپنا کردار ادا کریں۔