اسٹاک ایسچینج میں نیا ریکارڈ ،انڈیکس 90 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا

77

کراچی/ اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک+ اے پی پی) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کو پھر نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ 100 انڈیکس 89 ہزار پوائنٹس کے بعد 90 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کرگیا،وزیر اعظم نے اسٹاک مارکیٹ میں تاریخی سطح عبور ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے۔ جمعہ کے روز بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز ہوتے ہی 659 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 89000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا اور 89596پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔ بعدازاں اتار چڑھاؤ کے بعد کاروباری روز کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس ایک ہزار 47 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 89 ہزار993 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری ہفتے کے آخری روز اسٹاک مارکیٹ میں 30 ارب 37 کروڑ 29 لاکھ 35 ہزار ایک روپے کے 36 کروڑ 59 لاکھ 41 ہزار 166 شیئرز کا کاروبار ہوا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کاروبار کے اختتام پر اسٹاک مارکیٹ میں 100 انڈیکس 88 ہزار 945 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100-انڈیکس میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح سے تجاوز کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ا سٹاک مارکیٹ میں مارچ 2024 سے اب تک 36 فیصد اضافہ، مہنگائی میں کمی اور مجموعی معاشی استحکام کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے، ملک کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہو گئے، وزیراعظم نے کہا کہ بجلی صارفین کے ریلیف کے لیے آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی،آئندہ چند روز میں معیشت کی بہتری کے حوالے سے مزید خوشخبریاں ملیں گی۔