ٹیکسپو نمائش :91 کروڑ ڈالر مالیت کے برآمدی معاہدے

144

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بین الاقوامی ٹیکسپو نمائش کے 3 روز میں مقررہ 80 کروڑ ڈالر کی بہ نسبت 91 کروڑ ڈالر مالیت کے برآمدی معاہدے طے پاگئے۔ یہ بات چیئرمین ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان زبیر موتی والا نے جمعے کو کراچی ایکسپو سینٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسپو کو مقامی اور عالمی سطح پر خوب پذیرائی حاصل ہوئی ہے، 3 روز میں 10 یادداشتی معاہدے ہوئے ہیں، نمائش کے اختتام تک 25 یادداشتی معاہدے طے پا جائیں گے، ٹیکسپو نمائش میں 60 ملکوں کے 523 مندوبین پاکستان آئے، پہلی بار لاطینی امریکا اور برازیل کے خریدار ٹیکسپو نمائش میں آئے ہیں، غیر ملکیوں نے مقامی صنعتوں کے دورے بھی کیے اور صنعت کاروں کے ساتھ کاروبار بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر تجارت جام کمال خان کا اس نمائش میں اہم کردار رہا، مجموعی طور پر یہ ایک انتہائی خوش آئند تجربہ رہا ہم آئندہ سال بھی ٹیکسپو کو کو مزید بہتر کرکے منعقد کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکسپو میں غیرملکیوں نے پرانے کپڑے، ویسٹ سے تیار ہونے والے یارن کو پسند کیا، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی جنگ میں جیت ٹی ڈیپ کا ہدف ہے۔ زبیر موتی والا نے کہا کہ نمائش میں چین کے 24 رکنی وفد نے شرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت کم ہونے کی بات ہے، شرح سود میں کمی سے ماحول سازگار ہوگا‘ بھارت سے تجارت کا معاملہ سیاسی قیادت کو کرنا ہے، شنگھائی کانفرنس کے ایجنڈے میں پاک بھارت تجارت کا نکتہ شامل ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کب ہوگی اس متعلق کچھ نہیں کہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ نے یقین دہانی کرادی ہے انٹرسٹ ریٹ نیچے جائے گا‘ 527 عالمی وفود میں سے 272 وفود کو ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے اسپانسر کیا، 3 روزہ ٹیکسپو نمائش پر 40کروڑ روپے کے اخراجات کیے گئے‘ رواں سال ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے‘ یورپین یونین کے رکن اور سرد ممالک، لاطینی امریکا اور روس کے غیرملکی خریداروں نے پاکستانی لیدر مصنوعات میں زیادہ دلچسپی لی ہے۔