معیشت بحالی کیلیے شرح سود میں بڑی کمی کی جائے، اپٹما

69

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی اپٹما نے اسٹیٹ بینک سے نئی مانیٹری پالیسی میں 400 بیسس پوائنٹس کی کمی کا مطالبہ کردیا۔ چیئرمین اپٹما کامران ارشد نے کہا ہے کہ بلند شرح سود ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث ہے، 10.6 فیصد کی حقیقی شرح سود ناقابل برداشت ہے، قرض لینے کی لاگت کو کم کرنے کیلیے ریگولیٹر کو جرات مندانہ اقدامات بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ افراط زر کی شرح 6.9 فیصد تک کم ہوگئی ہے لیکن شرح سود 17.5 فیصد پر برقرار ہے۔ معیشت کو بحال کرنے کیلیے شرح سود میں بڑی نوعیت کی فوری کمی کی ضرورت ہے۔ بلند شرح سود پر قرض حاصل کرنے کی لاگت ٹیکسٹائل سیکٹر کیلیے خطرے کا باعث ہے۔ معاشی بحالی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلیے شرح سود میں کمی ضروری ہے۔