عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو رہا کر دیا گیا

35

جہلم (خبرایجنسیاں) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی دونوں بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان کو رہا کردیا گیا۔ ڈسٹرکٹ جیل کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں نے استقبال کیا، جیل کے باہر پی ٹی آئی کی خواتین اور مرد بڑی تعداد میں جمع تھے، علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی فیملی کے لوگ بھی موجود تھے، علیمہ خان کا بیٹا شہروز اور بہن نورین نیازی بھی جیل کے باہر موجود تھے، انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد سے دونوں بہنوں کی ضمانتیں منظور ہوئی تھیں۔دونوں روبکاریں9 گھنٹے گزرنے کے بعد جہلم جیل پہنچی تھیں، پولیس کی بھاری نفری جیل کے باہر سیکورٹی کے لیے موجود تھی۔عدالت نے20، 20 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض عمران خان کی دونوں بہنوں کی ضمانتیں منظور کی ہیں۔یاد رہے کہ تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں۔