کراچی (رپورٹ: محمد انور) ملک کے آئینی اور قانونی ماہرین نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیرحافظ نعیم الرحمن کی جانب سے 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف اعلیٰ عدالت میں جانے کے اعلان کو سراہتے ہوئے اسے درست قرار دیا ہے۔ عدالت عظمیٰکے ریٹائرڈ جسٹس و عام لوگ اتحاد پارٹی کے رہنما وجیہ الدین احمد نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کا یہ اعلان قابل تعریف اور قوم کی آواز ہے، عام لوگ اتحاد پارٹی اس اعلان کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ قانون و آئین پر یقین رکھنے والے دیگر لوگ بھی امیر جماعت اسلامی پاکستان کی بات کی حمایت کریں گے۔ ممتاز قانونیو آئینی ماہر بیرسٹر خواجہ نوید نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کا 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہدرست ہے انہیں ایسا ہی کرنا چاہیے‘ مگر میرا خیال ہے کہ عدالت عظمیٰسے انہیں کوئی ریلیف نہیں ملے گا لیکن 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف جدوجہد کرنا بھی ضروری ہے اور دیگر سیاسی لوگوں کو بھی حافظ نعیم الرحمن کی تقلید کرنی چاہیے۔