کے الیکٹرک نے صارفین کو ڈبل یونٹ چارج کرکے بل بھیج دیے

127

کراچی (رپورٹ: منیر عقیل انصاری) کراچی کے عوام کو نت نئے ہتھکنڈوں سے لوٹنے میں مصروف کے الیکڑک نے300 سے زاید رہائشوں کو ستمبر 2024 کا بجلی کا بل ڈبل یونٹ کرکے بھیج دیا۔ بڑی مشکلات کے ساتھ اپنا سب کچھ فروخت کر کے ہر ماہ باقاعدگی سے کے ا لیکڑک کا بل ادا کرنے والے صارفین کو ایک ماہ میں بجلی کے ڈبل یونٹ کا بل موصول ہونے پرصارفین کے ہوش اڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق کے الیکڑک کی ناہلی کی وجہ سے ٹیولپ ٹاور اسکیم 33 میں 300 سے زاید فلیٹس کے رہائشیوں کو ستمبر 2024 کا بجلی کا بل ڈبل یونٹ چارج کرکے بھیج دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے جسارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ٹیولپ ٹاور کے ایک رہائشی نے بتایا کہ انہیں 492 یونٹ کا بل 31 ہزار 127 روپے بھیجا گیا تھا جس پر انہوں نے ٹیولپ ٹاور کی انتظامیہ سے رجوع کیا تو معلوم ہوا کہ تمام فلیٹس کو اسی طرح ڈبل یونٹ کا بل جاری کیے گئے ہیں، اس حوالے سے جب میں نے ٹیولپ ٹاور فلیٹس انتظامیہ سے رابط کیا تو انہوں نے بتایا کہ کے الیکڑک کی نااہل انتظامیہ نے ستمبر کا بل فلیٹس کے تمام رہائشیوں کا ڈبل بھیج دیا ہے جس پر ٹیولپ ٹاور کی انتظامیہ اور رہائشیوں کے ساتھ ملکر کے الیکٹرک کی اس حرکت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا، جس کے بعد کے الیکٹرک نے تمام رہائشیوں کو درست بل جاری کیا ہے اور میرا بل جو کہ پہلے جو کہ 492 یونٹ 31 ہزار 127 روپے کا تھا اسے 278 یونٹ اور 18 ہزار 445 روپے کا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح کے الیکٹرک صرف ایک فلیٹ سے 12 ہزار 680 روپے زاید وصول کر رہی تھی۔ رہائشیوں کا مزید کہنا تھا کہ کے الیکٹرک پہلے ہی اپنے رویے اور بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام دشمن محکمہ بن چکا ہے اور اب کراچی کے عوام کو نت نئے ہتھکنڈوں سے لوٹنے میں مصروف ہے۔ جبکہ حکومتی سطح پر بھی اسے مکمل سرپرستی حاصل ہے اور اس کے خلاف عوامی احتجاج کے باوجود کوئی کارروائی نہیں ہوتی ہے۔ اس سلسلے میں کے الیکٹرک کے ترجمان سے متعدد بار رابطہ کیا گیا لیکن ادارے کا کوئی موقف سامنے نہ آسکا۔