اسلام آباد: پاکستان میں تعینات چینی سفیر نے کہا ہے کہ چینی شہریوں پر حملوں میں ملوث افراد کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے کہا کہ پاکستانی حکام کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں میں چین کی جانب سے عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے مل کر اقدامات کریں گے۔ چین چاہتا ہے کہ ہمارے شہریوں پر ہونے والے حملوں میں ملوث افراد کو ان کے انجام تک پہنچایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہ کانفرنس کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی ہے۔ گزشتہ چار ماہ میں پاک چین رہنماؤں کی ملاقاتیں دونوں ممالک کے مضبوط تعلق کی علامت ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ چینی وزیراعظم نے گوادر کے جدید ائرپورٹ کا افتتاح کیا ہے۔ اس کے علاوہ صدر، وزیراعظم، اسپیکر، سینیٹ کے چیئرمین ، آرمی چیف اور دیگر حکام کے ساتھ بھی ملاقاتیں ہوئی ہیں۔چینی وزیراعظم نے ان ملاقاتوں میں چینی شہریوں کے تحفظ کی بات کی کیونکہ چین چاہتا ہے کہ چینی شہریوں پرحملوں میں ملوث افراد کیفرکردارتک پہنچیں۔ چینی شہری پاکستان کی ترقی کے لیے منصوبوں پرکام کررہے ہیں۔