آئندہ چند روز میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی: وزیر اعظم کا پیغام

106
good news in next few days

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے اسٹاک مارکیٹ میں پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر قوم کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ آئندہ چند روزمیں قوم کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔

وزیر اعظم نے اسٹاک مارکیٹ میں 90 ہزار پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کرنے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ میں بتدریج اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 14 سال بعد اسٹاک مارکیٹ میں ایسا اضافہ معاشی ٹیم کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے، بجلی صارفین کے ریلیف کیلیے آئی پی پیز سے معاہدوں پر نظر ثانی شروع ہو چکی ہے جبکہ آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کی لانگ ٹرم فسیلٹی معیشت میں بہتری لے کر آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پر پہنچانے والوں کے خواب چکنا چور ہوگئے، عوام سے عہد کیا تھا ملک کو مجرمانہ غفلت کی بھینٹ نہیں چڑھنے دوں گا، ہم نے سیاست کی قربانی دے کر ریاست بچائی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آج اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں ہر محاذ پر بہتری آئی ہے، پر امید ہوں آئندہ چند روز میں معاشی بہتری میں مزید خوشخبریاں ملیں گی۔