اسلام آباد:پی ٹی آئی کی جانب سے قیدی وین پر حملے کے معاملے کو پولیس کا ڈراما قرار دے دیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں سنگجانی کے مقام پر پولیس کی قیدی وینز پر نامعلوم افراد کے حملے کو پی ٹی آئی نے ڈراما قرار دیا ہے، اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ ایس ایچ او نے ہمارے لوگوں سے بھاگنے کا کہا جب کہ وہ اب تک وہیں موجود ہیں۔
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے اپنے دعوے میں کہا کہ ہمارے 80 سے زیادہ لوگ پولیس کی قیدی وینز میں موجود تھے، جنہیں آج عدالت نے رہا کیا تھا، جس کے بعد ان کی ایک نئے کیس میں گرفتاری ڈالی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالت میں پیشی کے بعد قیدیوں کو اٹک جیل منتقل کیا جا رہا تھا۔ اس دوران فیصل ٹاؤن کے سامنے گاڑی کو موڑ کر 26 نمبر لایا گیا، جہاں شبیر تنولی نامی ایس ایچ او نے قیدیوں کی گاڑیاں رکوائیں اور شیشے توڑ دیے۔
شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا کہ شبیر تنولی نے ہمارے بندوں کو بھاگنے کا کہا جب کہ ہمارے بندےضد کر کے وہیں کھڑے رہے۔ پولیس ہی یہ سب ڈراما کررہی ہے۔ ہمارے لوگ تو سرکاری ملازم ہیں، ارکان اسمبلی ہیں، وہ نہیں بھاگے۔