اسلام آباد:دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو مبینہ طور پر چھرانے کے لیے وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی قیدی وینز پر حملہ کیا گیا، جسے ناکام بنا دیا گیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے دہشت گردی کے مقدمات میں ملوث ملزمان کو چھڑانے کے لیے انہیں لے جانے والی پولیس کی تین گاڑیوں پر سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب اچانک حملہ کردیا اور فائرنگ بھی کی۔
اطلاعات کے مطابق پولیس کی جن گاڑیوں کو نشانہ بنایا گیا، ان میں پاکستان تحریک انصاف کے دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمات میں ملوث ملزمان تھے، جنہیں مسلح افراد نے حملہ کرکے چھڑوانے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے حملہ ناکام بنا دیا۔
ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کی قیدی وینز پر گولیاں چلائیں، ٹائر برسٹ کردیے اور گاڑیوں کے شیشے بھی توڑ دیے۔ حملے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری کو موقع پر طلب کیا گیا۔
پولیس کی گاڑیوں پر حملہ کرنے والوں کی تعداد 25 سے 30 بتائی جاتی ہے، جنہوں نے فائرنگ بھی کی۔پولیس وینز میں اٹک جیل سے پیشی کے لیے لائے جانے والے ملزمان موجود تھے، جن کی تعداد کم و بیش 150 بتائی جاتی ہے۔ بعد ازاں قیدیوں کو حفاظت سے اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب پولیس نے قیدی وینز پر حملہ کرنے والے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائیاں شروع کردی ہیں، اس حوالے سے شواہد جمع کرنے کے لیے عینی شاہدین سے بیانات اور دیگر ذرائع کا استعمال کیا جا رہا ہے۔