راولپنڈی /اسلام آباد/پشاور (نمائندہ جسارت) توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کے بعد عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔توشہ خانہ کیس ٹو میں ضمانت کے بعد بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے جاری کیے تھے۔ بشریٰ بی بی کا ضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے جمع کرایا جس کے بعد ان کی رہائی کی روبکار اڈیالہ جیل میں جمع گئی جس کے بعد بشریٰ بی بی انتہائی سخت سیکورٹی میں اڈیالا جیل کے گیٹ نمبر 5 سے گھر کے لیے روانہ ہوئیں۔ بنی گالہ پہنچنے کے بعد پھر پشاور چلی گئیں۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بی بی وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور کی انیکسی میں رہیں گی ، ان کا شوکت خانم اسپتال میں چیک اپ کا امکان ہے۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگوہر نے کہاہے کہ بشریٰ بی بی کی رہائی میرٹ پر ہوئی، وہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کے ساتھ رہیں، بہت جلد بانی پی ٹی آئی بھی عوام میں ہوں گے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں تھا ، بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ لسٹ میں نام نہیں تھا، انہیں جیل میں رکھنے کا یہ ایک بہانہ تھا، انہیں جیل میں صرف عمران خان پر دباؤ لانے کے لیے رکھا گیا۔آئینی ترامیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 26 ویں ترمیم کو ہم نے قبول نہیں کیا تھا، ہم 26ویں ترمیم کو عدالت میں چیلنج کریں گے۔