پولیوفری پاکستان کیلیے مشترکہ کوشش ناگزیرہے، شہبازشریف

73

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک کو پولیوسے پاک کرنے کے لیے جان کانذرانہ پیش کرنے والے ہیلتھ ورکرز کوحقیقی ہیروز قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ملک کوپولیو کے مرض سے پاک کرنے کے لیے ہمیں متحدہوکرنئے سرے سے کوششوں کو یقینی بناناہوگا، پولیوفری پاکستان کے ضمن میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے غیرمتزلزل اورآہنی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کوانسدادپولیو کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، وزیراعظم نے بچوں کوپولیوکے قطرے پلاتے ہوئے 28اکتوبرسے انسدادپولیو کی قومی مہم کا باضابطہ آغازبھی کیا۔وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمہ کے لیے تعاون فراہم کرنے پر بین الاقوامی اداروں بالخصوص عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اوربل اینڈمیلنڈاگیٹس فائونڈیشن کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ ہم پاکستان کوپولیوسے پاک کرنے میں پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم پولیو کے خلاف جنگ میں جان قربان کرنے والے حقیقی ہیروز کو سراہتی ہے، ان ہیروزنے انتہائی مشکل حالات میں اپنی جانوں کوہتھیلی پررکھ کر پولیو کے خاتمہ کے لیے اپناکرداراداکیا۔ یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کوتویتیم کرلیا مگر ہمارے بچوں کوپولیو سے بچانے کے لیے تاریخ میں اپنانام سنہرے حروف سے رقم کرگئے۔ پولیو ورکرز قوم کے مجاہدہیروزہیں اورپوری قوم انہیں یادرکھے گی۔قبل ازیں وزیراعظم نے انسدادپولیو کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کارکنوں، ہیروزاور کے اہل خانہ اورنمایاں کارگردگی کامظاہرہ کرنے والے پولیو ورکرز کوشیلڈز بھی پیش کیں ۔