لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف مذمتی بیانات کے بجائے آزاد فلسطین ریاست کیلئے عملی اقدامات کریں اور امت مسلمہ کے جذبات کی ترجمانی کریں۔ پاکستان میں اسرائیلی کی تمام مصنوعات کو سرکاری سطح پربین کیا جائے، سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں اور اتحاد امت کیلئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کیساتھ اسلامی اتحاد بنایا جائے۔ اہل فلسطین کی مدد اور اظہار یکجہتی ہرمسلمان پر فرض اور قرض ہے۔ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی مدد،ان کے ساتھ اظہار یکجہتی اور قبلہ اوّل مسجد اقصیٰ سے تعلق تمام مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا حصہ ہے۔فلسطینیوں کی سب سے بڑی مظلومیت یہ ہے کہ ان کے بہتے ہوئے خون پر امت مسلمہ کے حکمران بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور اقوام متحدہ میں موجود اقوام خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ یورپ میں کوئی کتا بھی مارا جائے تواقوام متحدہ کے قوانین پر عملدآمد کیلئے تمام وسائل بروائے کار لائے جاتے ہیں مگر فلسطین میں جنگ بندی اور آزاد فلسطین ریاست کیلئے کوئی قوانین پر عمل درآمد نہیں۔فلسطین میں لاکھوں بے گھر افراد زخمی علاج معالجہ اور خوراک کیلئے ترس رہے ہیں۔ امیر لاہور نے مزید کہا کہ اہل فلسطین کی جرات و عزیمت کو سلام پیش کرتے ہیں جو ان حالات میں بھی مسجد اقصی کی حفاظت کیلئے اپنی جانوں نذرانے پیش کررہے ہیں۔ سلامتی ہو غزہ کے ان مجاہدین پر جنہوں نے اپنے لہو سے اسلام کے شجر طوبیٰ کو سینچنے کا عزم کر رکھا ہے۔ انہو ں نے کہا کہ جماعت اسلامی مسئلہ فلسطین کے حل تک ہر سطح پر اپنے مظلوم فلسطینی بہن، بھائیوں کی مدد کیلئے لبیک کرتی رہیگی اور فلسطین کی آزاد ریاست تک فلسطین کی حمایت جاری رکھے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایٹمی طاقت پاکستان کے وزیر اعظم کی مسئلہ فلسطین پر فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں تقریب میں تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔