راولپنڈی ٹیسٹ:پہلے دن کے اختتام پر پاکستان کے 73 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ

170

راولپنڈی: انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام تک پاکستانی ٹیم نے 3 کھلاڑیوں کے نقصان پر 73 رنز بنا لیے۔

قومی ٹیم نے تیسرے ٹیسٹ کے پہلے دن 23 اوورز کھیلے، جس میں عبداللہ شفیق نے 14، صائم ایوب نے 19 اور کامران غلام نے 3 رنز بنائے اور تینوں کھلاڑی پویلین لوٹ گئے، جس کے بعد شان مسعود اور سعود شکیل 16، 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں، جو کل کھیل کا سلسلہ یہیں سے شروع کریں گے۔

قبل ازیں سیریز کے فیصلہ کن میچ میں پہلی اننگز کھیلتے ہوئے مہمان انگلینڈ کی ٹیم نے 267 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہو گئی تھی۔انگلش اوپنرز نے ٹیم کو 56 رنز کا آغاز فراہم کیا تاہم زیک کرولی 29 اور اوپنر بین ڈکٹ 52 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ مڈل آرڈر بیٹر اولی پوپ 3، جو روٹ اور ہیری بروک 5، 5، کپتان بین اسٹوکس 12، ریحان احمد 6 اور جیک لیچ 16 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

انگلینڈ کی ساتویں وکٹ کی شراکت میں گس اٹکنسن اور جیمی اسمتھ نے 107 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم اٹکنسن 39 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ بعدازاں 91 رنز بناکر جیمی اسمتھ بھی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کے ساجد خان نے 6، نعمان علی نے 3 اور زاہد محمود نے انگلینڈ کے ایک ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر بھیجا۔