انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن کا پاکستان کو 3 ارب ڈالر کموڈٹی فنانسنگ دینے کا اعلان

107

اسلام آباد: انٹرنیشنل اسلامک ٹریڈ فنانس کارپوریشن نے پاکستان کو 3 ارب ڈالر کموڈٹی فنانسنگ دینے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فوری طور پر 269 ملین ڈالرز کی براہ راست فنانسنگ کی جائے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کو 3سال کے لیے کموڈٹی فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے مالی معاونت پر آئی ایف ٹی سی سے اظہار تشکر کیا ہے۔ اس سے قبل وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی محکمہ خارجہ کی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے اقتصادی اور کاروباری امور ایمی ہولمین سے بھی ملاقات کی۔

واشنگٹن ڈی سی میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خزانہ نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں پاک،امریکا اقتصادی شراکت داری کی اہمیت کو تسلیم کیا اور امریکی حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں وزیر خزانہ نے زراعت، آئی ٹی، توانائی، اور کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع کی نشاندہی کی اور امریکی کمپنیوں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

واشنگٹن میں تھنک ٹینک سے خطاب میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومتی اخراجات میں کمی اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے حوالے سے پالیسیاں بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ مضبوط ہو رہا ہے اور ترسیلات میں بہتری آ رہی ہے۔