کراچی: گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان، عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے۔
اقوام متحدہ کے 79 ویں دن پر پیغام جاری کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ اقوام متحدہ اب بھی پائیدار امن کے حوالے سے بہترین امید ہے، درپیش چیلنجز سے عہدہ برآں ہونے کے لئے مشترکہ اقدامات انتہائی ناگزیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے کئے گئے وعدے آج بھی سوالیہ نشان ہیں۔ ،پاکستان، عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے پر عزم ہے، پاکستان امن دستوں میں سب سے بڑا اور طویل عرصے سے شراکت دار ہے، پر امن دنیا کے لئے پاکستان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی عالمی جنگ میں ہر اول دستہ کا کردار ادا کیا، ہزاروں قیمتی جانیں قربان کیں، اربوں ڈالر کا نقصان اٹھایا، افسوس اس کا مناسب اعتراف نہیں کیا گیا۔