توہین عدالت کیس: اسلام آباد ہائیکورٹ کا بانیٔ پی ٹی آئی کو آج 3 بجے پیش کرنے کا حکم

138
Imran Khan lashed out at the PTI leaders

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کو آج 3 بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان سے جیل ملاقات نا کرانے پر توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس سردار اسحاق نے کی۔

عدالتی حکم پر جیل سپرنٹینڈنٹ غفور انجم اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوئے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور اسٹیٹ کونسل بھی عدالت میں پیش ہوئے جب کہ درخواست گزار کی جانب سے فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ آپ یہ کہہ رہے ہیں حکومت ایک نوٹیفکیشن سے انصاف کی فراہمی کا عمل روک سکتی ؟

اسٹیٹ کونسل نے کہا کہ پنجاب حکومت نے لا اینڈ آرڈر صورتحال کی بنیاد پر جیل ملاقاتوں پر پابندی لگائی ہے۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ وکلاء کی ملاقاتوں پر بھی پابندی لگا دی گئی؟ حکومتِ پنجاب نے اگر وکلاء کی ملاقات روکی تو توہینِ عدالت کی ہے، اس پر وزارتِ داخلہ رپورٹ جمع کرائے کہ کیا سیکیورٹی وجوہات تھیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ 3 اکتوبر سے آج تک وکلا کی جیل ملاقات نہیں کرائی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کو عمران خان کو آج تین بجے عدالت میں پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے ریمارکس دیے کہ مجھے پتہ ہے آپ میرے حکم پر عمل درآمد نہیں کریں گے، آپ سیکیورٹی کے انتظامات کریں اور بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں لائیں، اگر نہیں لا سکے تو کل آپ عدالت کو بتائیں گے کہ کیوں پیش نہیں کر سکے۔