پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، 670 پوائنٹس کا اضافہ

126

کراچی: پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے سرمایہ کاروں کے اعتماد اور مثبت معاشی منظرنامے کی بدولت اپنی زبردست تیزی کو جاری رکھا ہوا ہے ۔

بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کے دوران 670.20 پوائنٹس کا شاندار اضافہ ہوا، جس سے انڈیکس 87,864.73 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز انڈیکس 87,194.53 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

انٹرمارکیٹ سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر آف ریسرچ سعد علی کے مطابق، مارکیٹ میں یہ تیزی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے قرض کی منظوری کے بعد سے جاری ہے۔

سعد علی نے مزید بتایا کہ آئی ایم ایف کی منظوری کے بعد ملک میں سیاسی ماحول میں بھی کچھ سکون آیا، خاص طور پر 26ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد سیاسی غیر یقینی کی فضا کم ہوئی۔ تاہم، پاکستان تحریک انصاف اب بھی احتجاج کے اپنے موقف پر قائم ہے۔

ان حالات کے بعد مارکیٹ میں مزید تیزی کی وجہ یہ بھی ہے کہ سرمایہ کار توقع کر رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان 4 نومبر کو مانیٹری پالیسی کے اعلان کے وقت 200 بیسس پوائنٹس کی شرح سود میں کمی کرے گا۔