حزب اللہ کے قائم مقام سربراہ بھی شہید،حماس نے اپنی قیادت 5 رکنی کمیٹی کے سپرد کردی

118

بیروت/غزہ/ریاض (صبا ح نیوز/مانیٹرنگ ڈیسک )حزب اللہ نے حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں شہادت کی تصدیق کردی۔ہاشم صفی الدین ڈپٹی سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کے ہمراہ حزب اللہ کی قیادت کررہے تھے اور حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد تنظیم کے باضابطہ سربراہ بننے کی توقع کی جارہی تھی تاہم اس کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تھا۔حماس نے اسماعیل ہانیہ اور یحیی سنوار سمیت اعلی جہادی رہنماؤں کی اسرائیلی حملوں میں پے درپے شہادت کے بعد پرانی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنظیم کی قیادت پانچ رکنی کمیٹی کے سپرد کردی‘ 5 رکنی کمیٹی میں خلیل الحیا، خالد مشعل، ظاہر جبرین، شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد درویش اور پانچویں نامعلوم شخصیت ہیں جن کا نام ابھی نہیں بتایا گیا شامل ہیں‘دوسری جانب اسرائیل کے غزہ پر وحشیانہ حملے جاری ہیں اور زمینی اور فضائی کارروائی میں 74فلسطینی شہید اور متعددزخمی ہوگئے‘جبکہ اسرائیل فضائیہ نے بیروت کے اسپتال پر بمباری کردی جس کے نتیجے میں 13افراد شہیداور57زخمی ہوگئے ‘اسرائیلی فضائیہ نے ایک یونیورسٹی کو بھی نشانہ بنایا ہے‘ ادھرامریکی وزیرخارجہ نٹونی بلنکن سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے ہیں ‘ جہاں وہ سعودی حکام سے غزہ میں جنگ بندی‘ حماس کی قید میں موجود اسرائیلییرغمالیوں کی رہائی اورایران سے کشیدہ صورتحال اوراسرائیل کی جنگ مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک تک پھیلنے سے متعلق بات چیت کریں گے۔امریکی وزیرخارجہ اگلے ہفتہ واپسی پر برطانیہ بھی جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے رواں ماہ کے آغاز میں لبنان کے دارالحکومت بیروت میں کیے گئے فضائی حملے میں ہاشم صفی الدین کو شہید کرنے کا دعوی کیا تھا۔اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ3ہفتے قبل بیروت میں لبنانی گروپ حزب اللہ کے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کے دوران ان کے متوقع سربراہ ہاشم صفی الدین شہید ہوگئے تھے۔اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ہرزی حلوی نے ہاشم صفی الدین کی شہادت کی تصدیق کے بعد ایک بیان میں کہا کہ ہم نصراللہ، ان کے متبادل اور حزب اللہ کی اعلی قیادت تک پہنچ گئے ہیں۔ادھرغیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حماس نے اسماعیل ہانیہ اور یحییٰ سنوار سمیت اعلی قیادت کی اسرائیلی حملوں میں پے درپے شہادت کے بعد پرانی حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے تنظیم کی قیادت 5 رکنی کمیٹی کے سپرد کردی۔حماس نے شہید یحییٰ السنوار کی جگہ نئے سربراہ کی تقرری فی الحال نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 5 رکنی کمیٹی میں خلیل الحیا، خالد مشعل، ظاہر جبرین، شوریٰ کونسل کے سربراہ محمد درویش اور پانچویں نامعلوم شخصیت ہیں جن کا نام ابھی نہیں بتایا گیا۔ ان پانچ میں سے غزہ کے تین مقامی سربراہ اور دو دیگر عہدے دار شامل ہیںرپورٹ کے مطابق غزہ کی پٹی کے ذمہ دار خلیل الحیہ، مغربی کنارے کے ذمہ دار زاہر جبارین ، تنظیم کے امور خارجہ کے ذمہ دار خالد مشعل، مجلس شوریٰ کے سربراہ محمد درویش اور پانچویں رکن جو تنظیم کے سیاسی دفتر کے سیکرٹری جنرل ہیں جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ یہ تمام ذمہ داران قطر میں موجود ہیں جہاں حماس کا سیاسی دفتر قائم ہے۔اس کمیٹی کو جنگی شوری کی حیثیت حاصل ہوگی اور مارچ 2025 میں تنظیمی انتخابات تک یہی کمیٹی حماس کی قیادت کرے گی۔چینل 14 کی رپورٹ کے مطابق’ اسرائیلی فوج اور غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی جانب سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع یوو گیلانٹ کورواں ماہ کے آغاز میں ایران کی طرف سے کیے گئے میزائل حملے کا جواب دینے کے لیے ایک تفصیلی منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔’منصوبے میں چند منتخب اہلکاروں کے گھروں سمیت، ایرانی تیل کی تنصیبات، فوجی تنصیبات اور سرکاری مقامات سمیت متعدد ممکنہ اہداف کا خاکہ شامل ہے جبکہ نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر حالیہ ڈرون حملے کے بدلے میں ایرانی اہلکاروں کے گھروں کو نشانہ بنایا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہے ’منصوبے کی تفصیلات صرف چند عہدیداران کے پاس ہوں گی جب کہ ایران کے خلاف آپریشن میں شامل پائلٹس کو حملے سے کچھ دیر قبل ہی تفصیلات اور ہدف کی معلومات دی جائے گی‘۔اسرائیلی چینل کا بتانا ہے کہ اس حملے میں طویل فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانیوالے میزائلوں کے استعمال کے ساتھ ساتھ لڑاکا طیارے بھی شامل ہوسکتے ہیں۔