کراچی میں ڈاکوؤں کے ہاتھوں ایک اور نوجوان قتل

181

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شخص کو قتل کر دیا گیا، مقتول فرحان ایک بچی کا باپ اور سرجانی کا رہائشی تھا۔ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا تھا کہ سائٹ سپر ہائے وے احسن آباد پر فائرنگ سے شہری جاں بحق ہوگیا، شہری کو مبینہ طور پولیس مقابلے کے دوران گولی لگی۔ پولیس نے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا جو سرجانی کے علاقے میں داخل ہو گئے، اس دوران گولی لگنے سے زخمی شہری کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا جہاں وہ دم توڑگیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول کی شناخت فرحان ولدالطاف خان کے نام سے ہوئی تاہم ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کارروائی کر رہی ہے۔لواحقین نے بتایا کہ مقتول میڈیسن کمپنی میں ملازمت کرتاتھا، مقتول فرحان ایک بچی کاباپ اورسرجانی کارہائشی تھا۔اہلخانہ کا کہناہے کہ فرحان مالی مشکلات کا شکار تھا، بیٹی بیمار تھی تو اس کے علاج کے لیے بیوی کے زیور بیچ کر 70 سے 80 ہزار روپے لے کر آرہا تھا۔ فرحان گھر سے گیا اور کہا کہ میں آکر بیٹی کو دوائی دلاؤں گا۔مقتول کی اہلیہ کے مطابق جس وقت فرحان کو گولی لگی وہ مجھ سے فون پر بات کررہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے فرحان کا موبائل فون مل گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔واضح رہے کہ رواں سال شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر 104 افراد کو قتل کردیا گیا جبکہ متعدد افراد زخمی کیا جاچکا ہے۔