راولپنڈی، ٹیسٹ میچ کیلیے سکیورٹی پلان جاری، 3200اہلکار تعینات

53

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان آج راولپنڈی کرکٹ ا سٹیڈیم میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان کا اعلان کیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) بینش فاطمہ نے بتایا کہ تقریبا 370 ٹریفک پولیس اہلکار 5 روزہ ایونٹ کے دوران نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے شہر میں تعینات کیے جائیگے۔ تعیناتی میں 8 ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس آف پولیس ، 40 انسپکٹرز اور 318 وارڈنز شامل ہیں جو اسٹیڈیم کے اطراف کی سڑکوں کے انتظام کے لیے وقف ہیں۔ کرکٹ ٹیموں اور تماشائیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے اضافی اہلکار متبادل راستوں کی نگرانی کریں گے۔واضح رہے کہ ٹیموں کی آمد اور روانگی کے دوران مری روڈ فیض آباد سے ڈبل روڈ تک مکمل طور پر بند رہے گی۔اسلام آباد سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی طرف ری ڈائریکٹ کیا جائے گا جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد میں داخل ہونے والی گاڑیوں کو 6تھ روڈ کے راستے سید پور روڈ کی طرف روانہ کیا جائیگا۔