ایمرجنگ ایشیا کپ ، پاکستان شاہینز نے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

202
اومان: ایمرجنگ ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر پاکستانی شاہینز کا فاتحانہ انداز ، چھوٹی تصویر میں شاہنواز دھانی مین آف دی میچ کا ایوارڈ لیتے ہوئے

اومان (اسپورٹس ڈیسک) اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان شاہینز نے متحدہ عرب امارات کو 114رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا، کپتان محمد حارث نے 71 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی ، فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کو 5 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ گزشتہ روز الامارت کرکٹ اسٹیڈیم اومان میں کھیلے گئے 11ویں میچ میں پاکستان شاہینز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ20 اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 179رنز بنائے۔ پاکستان شاہینز کی پہلی وکٹ 21کے اسکور پر گری جو تمام کے تمام عمیر بن یوسف نے 2 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے بنائے تھے۔ان کے رن آئوٹ ہونے کے بعد یاسر خان نے بھی جارحانہ انداز اختیار کیا لیکن وہ بھی25رنز بناکر آئوٹ ہوگئے جس میں2چھکے اور 3 چوکے شامل تھے کپتان محمد حارث نے ون ڈائون پوزیشن پر بیٹنگ کرتے ہوئے71رنز ناٹ آئوٹ اسکور کیے، 49گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ حیدر علی نے آئوٹ ہوئے بغیر 32رنز اسکور کیے جس میں 3 چھکے اور ایک چوکا شامل تھا ان دونوں نے 5 ویںوکٹ کی شراکت میں 67 رنز کا اضافہ کیا یو اے ای کے بولر محمد فاروق نے3 وکٹیں حاصل کیں پاکستان شاہینز کے 180رنز کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم 16.3 اوورز میں صرف 65رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، یو اے ای کے بلے بازوں شاہنواز دھانی کی بولنگ پر بے بس نظر آئے جنہوں نے صرف 12رنز دیکر 5وکٹیں حاصل کیں وہ اس شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔