سکھر (نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجا دھاریجو کی جانب سے تعلقہ پنوعاقل کے ٹاؤن کمیٹی ہال میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے کھلی کچھری کا انعقاد، علاقہ لوگوں نے شکایات کے دفتر کھول دیئے، پنو عاقل کے عوام کی جانب سے ڈی سی سکھر کے سامنے سرکاری محکموں کے افسران کے خلاف تحریری و زبانی شکایات کے انبار، افسران کی جانب سے عدم تعاون کی شکایات، ڈی سی سکھر نے موقع پر چیف میونسپل آفیسر سکھر کو ہدایت کی کہ تحصیل کے تمام وارڈز کا جامع دورہ کر کے اسٹریٹ لائٹس کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی کہ پنو عاقل تعلقہ کے وارڈز میں کچرے اور نکاسی آب کے فوری حل کے لیے خصوصی کوششیں بروئے کار لائی جائیں، وارڈ نمبر 5 اور 14 میں کتنے ترقیاتی کام ہوئے، اس متعلق آئندہ 3 روز میں گزشتہ 5 سالہ ریکارڈ اسسٹنٹ کمشنر پنو عاقل کو پیش کیا جائے، انہوں نے ایس ڈی او پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی کہ سانگی شہر کا آر او پلانٹ فعال ہے یا بند، اس متعلق رپورٹ آئندہ 10 دنوں میں پیش کی جائے، ڈی سی سکھر نے سانگی کے 450 سے زائد او پی ڈی والے پی پی ایچ آئی اسپتال میں اسٹاف کی کمی کے حوالے سے 15 دن میں رپورٹ فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ، ڈپٹی کمشنر ایم بی راجا دھاریجو نے کہا کہ تعلقہ اسپتال میں 3 ڈائیلاسز مشینیں تکنیکی عملے کی کمی کے باعث بند ہیں، جنہیں ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ٹیکنیکل اسٹاف کی طلبی کے لیے جلد ایس آئی یو ٹی یا جے ڈی سی سے رابطہ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مردہ جانور زمین میں دفن کیا جائے، وارننگ کے بعد سڑک پر پھینکنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔