امریکا: معذوروں سے نارواسلوک ‘ ائرلائن کو 5کروڑ ڈالر جرمانہ

71

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی محکمہ نقل و حمل نے امریکن ائر لائنز کو معذور مسافروں سے ناروا سلوک کرنے پر 5 کروڑ ڈالر کا ریکارڈ جرمانہ کردیا۔ فضائی کمپنی کو یہ جرمانہ صارفین کو مناسب مدد فراہم کرنے میں ناکامی اور وہیل چیئرز کو غلط طریقے سے سنبھالنے پر کیا گیا ہے۔ محکمے نے کہاکہ یہ جرمانہ معذور افراد کے تحفظ کی خلاف ورزیوں کے لیے ائر لائن کے سابقہ سب سے زیادہ جرمانے سے 25 گنا بڑا ہے ۔ ٹرانسپورٹیشن سیکرٹری پیٹ بٹی گیگ نے کہاکہ ائر لائن کی طرف سے معذور مسافروں کے ساتھ ناروا سلوک برداشت کرنے کا دور ختم ہو گیا ہے۔ ائرلائنز پر بڑے جرمانے عائد کر کے ہم سفری صنعت کا رویہ تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ تصفیے کی شرائط کے تحت امریکی ائر لائن 3سالوں کے دوران ڈھائی کروڑ ڈالر ادا کرے گی اور مسائل حل کرنے اور متاثرہ مسافروں کو خیر سگالی معاوضے کے لیے ڈھائی کروڑڈالر کا کریڈٹ دیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا کہ امریکن ائرلائن نے ہزاروں وہیل چیئرز کو نقصان پہنچا کر یا ان کی واپسی میں تاخیر کر کے ان کا بھی غلط طریقے سے استعمال کیا جس سے وہ امریکی مسافر وں میں اس معاملے میں بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں شامل ہو گئی۔ محکمہ کے پاس دیگر ائرلائنز سے متعلق بھی اسی طرح کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات ہے۔