کراچی پریس کلب کی خوبصورتی دیکھ کربہت خوش ہوا‘محمداقبال

78

کراچی (پ ر)کراچی پریس کلب سے اٹھنے والی آواز عالمی سطح پر سنی جاتی ہے، آج کراچی پریس کلب آکر بہت خوشی ہوئی، اس کی ترقی اورخوب صورتی کو دیکھ کر دل باغ باغ ہوگیا،یقینا اس کے عہدیدار قابل مبارکباد ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز نیوز کاسٹر اور حمدو نعت خواں لندن میں مقیم سید محمد اقبال نے اپنے اعزاز میں ممتاز ادبی، سماجی شخصیت حسن امام صدیقی کی جانب سے کراچی پریس کلب میں دیے گئے ایک پر تکلف ظہرانے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے ممبران کو پہنچنے والی سہولتوں میں اضافے کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں حسن امام کا کہ جنہوں نے اس تاریخی پریس کلب میں آنے کی دعوت دی، انہوں نے مزید کہا کہ انسان جھوٹ نہ بولے، سچائی اور لگن کے ساتھ کسی بھی کام کو سرانجام دے تو اللہ تعالیٰ اس کو کامیاب کرتا ہے اور لوگوں کے دلوں میں اس کی محبت بٹھا دیتا ہے، یہ محبت اتنی مضبوط ہوتی ہے کہ اسے آسانی کے ساتھ ختم نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی خریدا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے بچپن ہی سے نعت پڑھنے کا بہت شوق تھا۔ میں خبریں پڑھا کرتا تھا،لیکن بعض اوقات دھیمے لہجے میں حمدو نعت دل ہی دل میں دہراتارہتا تھا۔ آخرکار میری محنت رنگ لے آئی۔اب میں اپنی آواز میں مختلف پروگرامز جو کہ کراچی، پاکستان یا پاکستان سے باہر ہوتے ہیں، حمدو نعت سنایا کرتا ہوں۔ یہ اللہ اور رسول سے محبت کا ثمر ہے ورنہ میری حیثیت ہی کیا ہے۔ حسن امام صدیقی نے کہا کہ سید اقبال نیک دل انسان ہیں، حمدو نعت کے علاؤہ ضرورت مند لوگوں کی خاموشی سے امداد کرتے ہیں۔