امارات میں ایک فلیٹ جتنی چوڑی مگر 73 منزلہ عمارت  کی تعمیر

121

دبئی:متحدہ عرب امارات میں محض ایک فلیٹ جتنی چوڑی مگر 73 منزلہ عمارت کی تعمیر کی جا رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق دبئی میں ایک جانب جہاں برج الخلیفہ جیسی دنیا کی بلند ترین عمارت موجود ہے وہیں آنکھوں کو حیران کردینے والے درجنوں تعمیراتی شاہکار موجود ہیں۔ اسی حیرت انگیز دنیا میں ایک نئی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے، جس کی چوڑائی محض ایک فلیٹ سے زیادہ نہیں۔

بہت کم چوڑائی کی حامل یہ پتلی عمارت  1274 فٹ بلند ہوگی۔ مربع ویل نامی 73 منزلہ  اس عمارت کی چوڑائی صرف 74 فٹ کی ہوگی جس میں 2 تا 5کمروں کے 131 فلیٹس بنائے جائیں گے۔ اس حیرت انگیز عمارت کا منصوبہ اماراتی کمپنی مربع نے بنایا ہے۔

اس عمارت کو تعمیر کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ اس میں فلم تھیٹر، ہوٹل اور گیلری جیسی آسائشات بھی فراہم کی جائیں گی۔ امارات کے کاروباری مرکز دبئی کے شیخ زید روڈ سے گزرتی نہر کے کنارے پر زیرتعمیر اس عمارت کا ڈیزائن ہسپانوی کمپنی نے بنایا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ اس عمارت میں فلیٹ خریدنا بھی سب کے لیے ممکن نہیں ہوگا، کیوں کہ اس بیش قیمت اپارٹمنٹ کی قیمت ہی کم و بیش 49 لاکھ ڈالر سے شروع ہوگی۔