اسلام آباد:صدرہاؤس کی انتظامیہ نے نومنتخب چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی کی حلف برداری تقریب کیلیے مہمانوں کی فہرست طلب کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں صدر ہاؤس نے سپریم کورٹ سے رابطہ کرتے ہوئے حلف برداری تقریب کے لیے مہمانوں کی فہرست مانگی ہے، جس کے بعد سپریم کورٹ نے فہرست دینے کیلیےجمعرات تک کا وقت مانگ لیا ہے۔
خیال رہے کہ 26ویں آئینی ترمیم منظور ہونے کے بعد سپریم کورٹ کے جسٹس یحییٰ آفریدی کو خصوصی پارلیمانی کمیٹی نے دوتہائی اکثریت سے چیف جسٹس نامزد کردیا۔
واضح رہے کہ صدر مملکت آصف زرداری نے جسٹس یحییٰ آفریدی کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کر دی جس کے بعد وزارت قانون نے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا،نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس یحییٰ آفریدی کی تعیناتی 26 اکتوبر سے 3 سال کیلئے کی گئی ہے، نئے چیف جسٹس آف پاکستان 26 اکتوبر کوعہدے کا حلف اٹھائیں گے۔