بھونڈے طریقے سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرائی گئی،عمر ایوب

100

راولپنڈی : اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کاکہنا ہے  کہ بھونڈے طریقے سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرائی گئی، جس طریقے سے آئین سازی ہوئی، مذمت کرتے ہیں، کب تک پاکستان کی عوام کے ساتھ فراڈ کیا جائے گا، پاکستان میں شمالی کوریا، برما جیسا ماحول بنایا جا رہا ہے، یہی وجہ ہے کہ ملک میں سرمایہ کاری نہیں ہو رہی۔

تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما نے کہاکہ  ہمارے 5 ایم این ایز کو اغوا کر کے ووٹ لیا گیا، ہمیں سب پتا ہے کہ یہ معاملات کہاں سے کنٹرول ہو رہے ہیں، ڈیوٹی ججز یاجوج ماجوج سے احکامات وصول کر رہے ہیں، ہمارے وکلا عدالت میں موجود تھے کہ دونوں جج صاحبان غائب ہو گئے، پاکستان میں جج صاحبان کو ہی غائب کر دیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ، مخصوص نشستیں تحریک انصاف کا حق ہے، جسٹس فائزعیسی نے جو اختلافی نوٹ لکھا ان سے یہی امید تھی، توشہ خانہ کے اصل ملزم زرداری، نوازشریف ہیں۔

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ  بشری بی بی کو توشہ خانہ کیس میں بغیر کسی وجہ کے ملوث کیا گیا، عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں، بشری بی بی کو غیرقانونی طریقے سے جیل میں رکھا ہوا ہے۔