لاہور میں فضائی آلودگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس کے باعث اسکولوں کے اوقات کار میں تبدیلی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے، بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی دوسرے اور کراچی تیسرے نمبر پر ہے۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے متعلقہ اداروں کو فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر ضروری اقدامات کیلئے ہدایات کی گئی ہیں۔
محکمہ تحفظ ماحول پنجاب کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ اسکولوں کا اوقات کار صبح 45: 8 سے پہلے شروع نہ کیا جائے، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفیکشن کے مطابق اسکول کھلنے کا نیا وقت 28 اکتوبر تا 31 جنوری 2025 تک رہے گا جس میں بچوں کیلئے اسکول صبح 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بچوں کی اسمبلی کلاس روم میں ہوگی اور ہر قسم کی آٹ ڈور سرگرمیاں معطل کرنے بھی کی ہدایت کی گئی ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ عوام سموگ سے بچنے کیلئے ماسک اور دیگر حفاظتی تدابیر اختیار کریں، گھروں کی کھڑکیاں، دروازے بند رکھیں اور زیادہ دیر کھلی جگہوں پر نہ رہیں۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے درخواست کی کہ شہری اپنی گاڑیوں کی فوری فٹنس کروائیں اور اسموگ میں مزید اضافہ نہ کریں اسموگ میں کمی کیلئے تمام افراد حکومت کا ساتھ دیں اور ہر قسم کے دھویں کی فوری اطلاع 1373 پر کریں، ای پی اے فوری کارروائی کرے گا۔