کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اور ایران کے درمیان کراچی تا چابہار فیری سروس شروع کیے جانے کا امکان ہے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ایران کے قونصل جنرل حسن نورین اور وائس قونصل جنرل علی خوشرو نے ملاقات کی جس میں وزیر داخلہ ضیا النجار، وزیر ورکس علی حسن زرداری، سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، سیکرٹری قانون اور دیگر شریک ہوئے۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور تجارت کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں کراچی تا چابہار ایران کے درمیان فیری کشتی سروس شروع کرنے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اگر فیری سروس شروع ہو جاتی ہے تو زائرین اور طلبہ کو سہولت میسر ہوگی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہمارے تاریخی اور ثقافتی تعلقات مزید مستحکم اور مضبوط ہورہے ہیں، سندھ سے گوشت اور پھل خاص طور پر سندھڑی آم اور لاڑکانو کے امرود ایران برآمد ہوسکتے ہیں۔ ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک میں 2 بلین ڈالرز کی تجارت ہے، ہم چاہتے ہیں کہ دوطرفہ تجارت کو 3 بلین ڈالرز کیا جائے۔ اس دوران دونوں ممالک کے تجارتی وفود کا تبادلہ کرنے پر اتفاق ہوا۔ قونصل جنرل نے وزیراعلی سندھ کو نومبر میں ایران میں ثقافتی فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی۔