بلوچستان میں سیلاب بحالی کیلئے موصول 22 کروڑ میں صرف 2 کروڑ ڈالر خرچ ہونے کا انکشاف

94

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بلوچستان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے علاقوں کی بحالی کے لیے موصول 22 کروڑ ڈالر میں صرف 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالر خرچ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع وزارت خزانہ کا بتانا ہے کہ عالمی بینک نے سیلاب بحالی پروجیکٹ کے تحت 40 کروڑ ڈالر قرض منظورکیا تھا جس میں سے 21کروڑ 30لاکھ ڈالر کی پہلی قسط استعمال ہونے کے بعد دوسرے قسط جاری کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے فنڈ موجود ہیں لیکن حکومت بلوچستان پروجیکٹ پر عملدرآمد کرنے میں ناکام ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ چین نے بلوچستان میں گھروں کی تعمیر کے لیے20 کروڑ ڈالر گرانٹ منظور کی جس سے تقریباً 35 ہزار گھر بنائے جانے ہیں، چین نے پائلٹ پروجیکٹ کے طور 60 لاکھ ڈالر فراہم کیے جس میں 8 ہزار سے زاید گھر کی تعمیر ہونی تھی مگر چین کی فراہم کردہ گرانٹ کی قسط بلوچستان میں پائلٹ پروجیکٹ کے لیے مکمل استعمال نہ ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق عالمی بینک نے بلوچستان کے لیے 10 کروڑ ڈالر پانی سے متعلق پروجیکٹ کے لیے بھی منظور کیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق نے حکومت بلوچستان کو پروجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے بہتر سسٹم بنانے کی تجویز دی ہے۔ذرائع نے کہا کہ جب تک بلوچستان پروجیکٹس پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے بہتر سسٹم قائم نہیں کرتا تب تک فنڈ جاری نہیں ہوسکتے، بلوچستان کو ملنے والے عالمی بینک کے قرضوں پر وفاق کی گارنٹی ہے جو وہ بلوچستان کو گرانٹ کے طور پر فراہم کرے گا۔