ـ26 ویں آئینی ترامیم سیاسی و معاشی استحکام میں سنگ میل ہے،وزیراعظم

127
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں
اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 26ویں آئینی ترامیم معاشی و سیاسی استحکام کے لیے اہم سنگ میل ہے ، آئینی ترامیم سے عام آدمی کو تیز ترین انصاف کی سہولت میسر آئے گی ، ملک کی معیشت میں بتدریج بہتری آرہی ہے ، مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے ، مستقبل میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی آنے کا امکان ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن اور بلاول کا شکرگزارہوں انہوں نے اس ترمیم پر بہت محنت کی۔ انہوں نے غزہ کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اسرائیل کا فلسطینیوں پر ظلم و ستم کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کی جارہی ہے ، اسرائیل نے عالمی عدالت انصاف کا فیصلہ اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بھی ردی کی ٹو کری میں ڈال دیا ۔ دیکھتی آنکھوں اور سنتے کانوں نے اس سے پہلے ایسے دلخراش مناظر نہیں دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں دن رات کھیلی جانے والی خون کی ہولی کا خاتمہ ہو، غزہ اور لبنان کے بھائیوں کے لیے جو تعاون ہوسکا پاکستان نے کیا، فلسطین اور غزہ کے بھائیوں کے لیے مزید امدادی سامان پہنچایا جائے گا، سامان پہنچانے کے لیے راستے میں بہت سی رکاوٹیں حائل ہیں۔علاوہ ازیںوزیراعظمنے پولیو کے بڑھتے کیسزپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔ قبل ازیں وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر فارمیسی کونسل آف پاکستان کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔