بریسٹ کینسر کے سالانہ 38 ہزار کیسز رپورٹ ہوتے ہیں‘ ترجمان سندھ حکومت

135

کراچی: سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے بتایا کہ پاکستان میں ہر سال بریسٹ کینسر کے 38 ہزار کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔
مقامی رپورٹ کے مطابق سندھ حکومت کی ترجمان سعدیہ جاوید نے کراچی کی نجی یونیورسٹی میںچھاتی کے کینسر سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ یہ جان لیوا مرض صرف خواتین تک ہی محدود نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ چھاتی کے کینسر کے امراض ایران اور بھارت سے زیادہ پاکستان میں رپورٹ ہو رہے ہیں۔
صوبائی ترجمان نے اپنے موقف پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پہلے یہ کہا جاتا تھا کہ 60 سال کی عمر کے بعد سرطان ہوتا ہے مگر اب میں نے نوجوان لڑکیوں کو بھی اس مہلک بیماری میں مبتلا دیکھا ہے۔ سعدیہ جاوید نے بتایا کہ جان لیوا مرض کی فوری تشخیص بہت ناگزیر ہے، خواتین کو اپنا معائنہ خود کرانا چاہیے۔
سعدیہ جاوید نے اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ جے پی ایم سی میں بھی بریسٹ کیسر کا بہترین علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس مہلک مرض کے سد باب کے لیے حکومت کی جانب سے یونیورسٹیز اوردیگر تعلیمی اداروں میں فری میموگرافی کی سہولتیں دی جائیں گی ۔